26 نومبر 2026 - 03:21
3 | شینزین اجلاس؛ اثر و رسوخ کے دائروں کا تعین، امریکہ کی کمزوری؛ یورپ نظرانداز کیا گیا

بین الاقوامی امور کے ایک ماہر نے کہا: "شینزین سربراہی اجلاس عملی کامیابیاں رقم کرنے کے بجائے، ان تین ممالک کی طاقت کا "تصویری مظاہرہ" تھا؛ اس اجلاس میں سب سے زیادہ نقصان یورپ کو اٹھانا پڑا، جبکہ امریکہ نے بھی عالمی طاقت کے کئی جہتوں مین اپنا سابقہ ​​مقام کھو دیا ہے۔"

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی، ـ ابنا؛ شینزین میں چین، امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے سہ فریقی سربراہی اجلاس کی ظاہری سفارتی شکل کے پس پردہ، عالمی نظام کی ازسرنو تشکیل کے لئے بڑی طاقتوں کے درمیان جاری مسابقت کارفرما تھی۔ معاشیات اور بین الاقوامی امور کے ماہر، احمد صالحی نے کہا: اس سربراہی اجلاس نے یورپ کو حاشیے پر دھکیل دیا ہے اور امریکہ کی سابقہ ​​غالب پوزیشن کو چیلنج کیا ہے۔

انٹرویو کا متن درج ذیل ہے:

تیسرا حصہ:

یورپی ممالک اس پیش رفت سے شدید پریشان تھے۔ یورپی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس نے واضح طور پر یہ سوال اٹھایا: "پیوتن ـ جو اس وقت ایک جنگ میں الجھے ہوئے ہیں ـ انہیں اس مقام تک کیوں لایا گیا؟ شی جن پنگ اور ٹرمپ نے انہیں اپنے برابر کا درجہ کیوں دیا، جبکہ انھوں نے یورپ کو نظر انداز کر دیا ہے؟ یہ بات خاص طور پر قابلِ غور ہے کیونکہ پیوتن نے نہ تو ایران کے سلسلے میں کوئی رعایت دی ہے اور نہ ہی یوکرین کے معاملے۔

یہاں تک کہ یورپی سینٹرل بینک کی سربراہ صدر کرسٹین لیگارڈ (Christine Lagarde) نے شینزین سربراہ اجلاس سے ایک دن پہلے کہا: "امریکہ اپنے ہی اتحادیوں کے ساتھ جس طرح کا برتاؤ کرتا ہے وہ بہت عجیب ہے، اور امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات میں، اعتماد، کو نقصان پہنچا ہے۔"

اسکائی نیوز (Sky News) نے تبصرہ کیا: "امریکی، روسی اور چینی، سب ایک ہی صف میں آ کھڑے ہوئے ہیں۔"

اوباما انتظامیہ کے دور کے امریکی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ رچرڈ اسٹینگل (Richard Stengel) نے کہا: "اس طرح کی ملاقات، اس سے پہلے کبھی، اس لئے نہیں ہوئی کہ کوئی بھی امریکی صدر اپنے دو سخت ترین حلفیہ دشمنوں کو ایک ہی فریم میں ـ امریکہ کے برابر کے درجے پر ـ لانے کے لئے تیار نہیں تھا۔"

اس طرح، پہلی شکست یورپ کے حصے میں آئی، جبکہ دوسری شکست ٹرمپ کو اٹھانا پڑی۔ اس کے برعکس، سب سے زیادہ فائدہ پیوتن کو ہؤا، اور ان کے بعد شی جن پنگ کا نمبر آتا ہے۔

سربراہی اجلاس کا ایک اور قابلِ ذکر پہلو یہ تھا کہ شی جن پنگ شینزین ہوائی اڈے پر پہنچ کر ڈونلڈ ٹرمپ کا ذاتی طور پر استقبال کیا؛ یہ اقدام چینی صدر کے دورۂ امریکہ کے دوران اس استقبال کا جواب تھا جو ٹرمپ نے سرانجام دیا تھا۔

اجلاس سے متعلق ایک اور اہم پہلو میامی میں ہونے والے جی-20 (G20) اجلاس کا تھا، جس میں ٹرمپ نے پیوتن کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

تاہم، اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اجلاس میں شریک ایک واقف کار نے ہمیں بتایا: "ظاہری طور پر تو سب کچھ مثبت اور خوشگوار دکھائی دے رہا تھا؛ لیکن لابیوں اور استقبالیہ مقامات پر، مختلف کمپنیوں کے سربراہان (CEOs) ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے کہ سربراہی اجلاس ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا؟"

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے درمیان موجود بنیادی اختلافات پر بات چیت ضرور ہوئی تھی، تاہم حتمی بیان میں ان کا کوئی ذکر نہیں ہؤا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: لیلا معتمد منفرد

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha